Live Updates

غزہ میں اسرائیلی جارحیت انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے، محمد شکیل قاسمی

مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک، بلکہ مجرمانہ غفلت ہے،نارتھ کراچی میں مظاہرے سے خطاب

اتوار 13 اپریل 2025 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء) جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری ملک محمد شکیل قاسمی نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے اورمسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک، بلکہ مجرمانہ غفلت ہے۔ نہتے فلسطینی مسلمانوں پر بمباری، بچوں، عورتوں اور بزرگوں کا قتل عام اور انسانی بستیوں کا ملبے میں تبدیل ہو جانا ظلم و سفاکیت کی وہ مثالیں ہیں جن پر تاریخ ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔

یہ باتیں انہوں نے جمعیت علمائے پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت نارتھ کراچی میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ مظاہرے کی قیادت نائب صدر کراچی ڈویژن مفتی محمد حفیظ اللہ ہادیہ نے کی، جس میںجے یوپی رہنماپیر قاری عبدالصمد چشتی، محمدمظہر نورانی، محمداطہر نورانی، محمود علی سمیت علماء، کارکنان، طلبہ، عوام اور سیاسی و سماجی حلقوں سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملک محمد شکیل قاسمی نے مزید کہا کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتیں اسرائیل کی حمایت میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جبکہ امت مسلمہ کی قیادت بزدلی، مفاد پرستی اور غلامی کے طوق میں جکڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے پاکستان مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی، کیونکہ یہ صرف فلسطینیوں کا نہیں، امتِ مسلمہ کے ایمان، ضمیر اور غیرت کا مسئلہ ہے۔

مفتی محمد حفیظ اللہ ہادیہ نے کہا کہ بیت المقدس، مسجد اقصیٰ اور غزہ کا مسئلہ محض سیاسی نہیں بلکہ عقیدے، ناموسِ رسالت اور امت کے وقار سے جڑا ہوا ہے۔ اسرائیل کی جاری جارحیت ناقابلِ برداشت ہے، اگر آج بھی مسلمان متحد نہ ہوئے تو تاریخ ہمیں ظالموں کے ساتھ کھڑا پائے گی۔دیگر مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ فلسطینی عوام کی مزاحمت پوری دنیا کے مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک فی الفور اسرائیل کے ساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات منقطع کریں اور عالمی سطح پر فلسطینیوں کی عملی مدد کو یقینی بنایا جائے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین زندہ باد،اسرائیل مردہ باد، ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیںاورمسلم حکمران جاگیں! جیسے نعرے درج تھے۔مظاہرے کے اختتام پرقاری عبدالصمد چشتی نے فلسطینی شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جمعیت علمائے پاکستان ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور حق و سچ کی راہ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات