&یومِ بیساکھی کے موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے سکھ برادری کو مبارکباد

اتوار 13 اپریل 2025 22:00

c اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیساکھی کے پٴْرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بیساکھی خوشیوں، محبت، بھائی چارے اور بہار کی آمد کا پیغام لے کر آتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے افراد کو اپنے عقائد اور روایات کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ سکھ برادری پاکستان کے سماجی، معاشی اور ثقافتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان کے مذہبی تہوار ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے ملک بھر میں مذہبی اقلیتوں کو حاصل مساوی حقوق اور آزادیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آئینِ پاکستان ہر شہری کو برابری کی بنیاد پر حقوق فراہم کرتا ہے۔