امریکا میں گورنر کی رہائش گاہ کو آگ لگا دی گئی

آگ لگانے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ، واقعے کی تفتیش جاری

پیر 14 اپریل 2025 16:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2025ء)امریکی ریاست پنسلوانیا کے گورنر کی رہائش گاہ کو آگ لگا دی گئی، شدید آتشزدگی سے گھر کے ایک حصے کو نقصان پہنچا، تاہم، گورنر اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے۔ آگ لگانے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق گورنر ہاس میں آگ لگانے کے الزام میں 38 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب گورنر جوش شاپیرو، ان کی اہلیہ، چار بچے، دو پالتو کتے اور ایک اور خاندان رہائش گاہ میں موجود تھا۔پنسلوانیا اسٹیٹ پولیس کے مطابق، آگ رات 2 بجے لگی جسے فائر بریگیڈ نے بجھا دیا، تاہم عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ گورنر شاپیرو کے مطابق تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔