اپنا گھر میں 100 یتیم بچے رہائش پذیر،ان کے تمام اخراجات مخیر حضرات ادا کررہے ہیں،صدر انجمن اسلامیہ پرویزخالد شیخ

پیر 14 اپریل 2025 17:08

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) انجمن اسلامیہ(رجسٹرڈ)طارق آبادفیصل آباد کے صدرپرویزخالدشیخ نے کہا ہے کہ اپنا گھرطارق آباد میں 100سے زائد یتیم بچے رہائش پذیر ہیں جن کی رہائش،خوراک،سکول وکالج کی فیسوں سمیت معمولات زندگی کے تمام اخراجات مخیر حضرات کے تعاون سے پورے کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن اسلامیہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

پرویز خالد شیخ نے کہاکہ ادارہ مخیر حضرات کے تعاون سے تمام اخراجات پورے کر رہا ہے جبکہ وہ بھی اسی جذبے کے ساتھ فلاح عامہ اور مخلوق خدا کی بہتری کےلئے اپناکردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلاح عامہ کا جو مشن ایک صدی قبل شہر میں شروع کیا گیا تھا اس کے نتیجے میں بے شمار تعلیمی ادارے قائم ہوئے اور اب ان کی زندگی کا مشن ہے کہ اسی جذبے کے ساتھ فلاح عامہ اور مخلوق خدا کی بہتری کےلئے بھی کردار ادا کیا جائے۔

(جاری ہے)

ا ن کا کہنا تھا کہ انسانی فلاح و بہبود کےلئے اپنا مال اور وقت دینا بہترین صدقہ ہے نیز سفید پوش طبقے کی باعزت طریقے سے مدد کرنا فلاحی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ فلاحی اداروں سے بے شمار لوگ استفادہ کرتے ہیں جبکہ خدمت خلق دنیا کی سب سے اہم عبادت اور اللہ پاک کو یہ کام بے حد پسندہے۔ چوہدری طالب حسین چٹھہ ایڈووکیٹ، حاجی محمدمنظور،صائم احسان، ڈاکٹرباسط بیگ، حاجی عابد،میاں وحید، خالداقبال،محمدفاروق،ارشدقاسمی،عبدالستار اور شہزادبیگ نے اپنے اپنے خطاب کے دوران پرویز خالد شیخ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔

انہوں نے کہاکہ انجمن اسلامیہ رجسٹرڈ ادار ہ ہے جس کے تحت فاطمہ جناح کالج طارق آباد،اپنا گھر (یتیم خانہ)،کنڈر گارٹن گرلز ہائی سکو ل، کنڈر گارٹن بوائز ہائی سکو ل،فری ڈسپنسری،نسیم غفور فری دستکاری سکول اور جامع مسجدسیدامجدحسین بڑا قبرستان شامل ہیں جن کے تمام اخراجات مخیر حضرات اٹھا رہے ہیں۔ا ن کا کہنا تھا کہ صاحب ثروت افراد اپنے عطیات، زکٰو ۃ و صدقات اپنا گھر مسلم یتیم خانہ کو دے کر ان بچوں کو روشن مستقبل فراہم کرنے میں انجمن کا سہارا بنیں۔ تقریب کے آخر میں ملکی ترقی،سلامتی و استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔