گورنمنٹ گریجویٹ کالج راولپنڈی میں پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر رنگا رنگ تقریب

پیر 14 اپریل 2025 18:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) گورنمنٹ گریجویٹ کالج بی بلاک سیٹلائیٹ ٹاؤن راولپنڈی میں پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کالج کی پرنسپل ڈاکٹر فاطمہ گل، اساتذہ کرام اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے دوران کالج میں مختلف ثقافتی اسٹالز لگائے گئے جن میں پنجاب کی دیہی ثقافت کی جھلک نمایاں طور پر دکھائی گئی۔

(جاری ہے)

فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ٹرک آرٹ ماڈلز، حقہ، چارپائیاں اور دیگر روایتی اشیاء کی نمائش کی گئی۔ ہوم اکنامکس ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے روایتی کھانوں کے اسٹالز لگائے جن میں سرسوں کا ساگ، مکئی کی روٹی اور چاٹی کی لسی نے شرکاء کی خاص توجہ حاصل کی۔ تاریخ اور معاشیات کے ڈیپارٹمنٹس نے بھی پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے اسٹالز پر خوبصورت روایتی اشیاء کی نمائش کی۔ کالج ہال میں طالبات کی جانب سے پنجابی لباس اور علاقائی مصنوعات کی نمائش پیش کی گئی۔ کالج پرنسپل ڈاکٹر فاطمہ گل نے تقریب کو سراہتے ہوئے طالبات اور اساتذہ کی محنت کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :