گزشتہ ہفتے کے سونے کی قیمت میں22 ہزار روپے اضافے کے بعد آج 1800 روپے کی کمی ہوگئی

سونے کی قیمت کم ہوکر 3 لاکھ 38 ہزار 800 روپے کی سطح پر آگئی ہے، پچھلے ہفتے میں سونے کی قیمت میں 22 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوا تھا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 14 اپریل 2025 20:20

گزشتہ ہفتے کے سونے کی قیمت میں22 ہزار روپے اضافے کے بعد آج 1800 روپے کی ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 14 اپریل 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، لیکن آج سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی تھی، پچھلے ہفتے میں سونے کی قیمت میں 22 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔

لیکن آج سونے کی قیمت میں 1800 روپے کمی ہوگئی ہے، فی تولہ سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 38 ہزار 800 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 543 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

نئی قیمت 2 لاکھ 90 ہزار 466 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستان کی ترسیلات زر نے سابق تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، ملکی تاریخ میں پہلی بار رواں مالی سال کے 9 ماہ میں ترسیلات زر 28 ارب ڈالر کی سطح عبورکرگئی۔

ا سٹیٹ بینک کے مطابق مارچ 25 میں ترسیلات زر کی آمد پہلی بار 4 ارب 10 کروڑ ڈالر کی سطح کو چھوگئی، ملکی ترسیلات زر ایک ماہ میں 37.3 فیصد اور ایک سال میں 29.8 فیصد بڑھی ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ پاکستان کو سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے 98 کروڑ 73 لاکھ امریکی ڈالر موصول ہوئے، یو اے ای سے ترسیلات زر 84 کروڑ 21 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، برطانیہ سے 68 کروڑ 39 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 41 کروڑ 95 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کا تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی ایک ماہ میں 4 ارب ڈالر کی حد عبور کرنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے مارچ 2025 میں ترسیلاتِ زر کا حجم 4.1 بلین ڈالر کی تاریخی سطح پر پہنچنے پر سمندر پار پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مارچ 2025 میں ترسیلات زر ایک ماہ میں ریکارڈ کی گئی تاریخ کی بلند ترین سطح 4.1 بلین ڈالر جبکہ رواں مالی سال اب تک ترسیلات زر مجموعی طور پر 28 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔