وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے خواجہ سعد رفیق کی ملاقات،موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

پیر 14 اپریل 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے پیر کے روز مسلم لیگ(ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں معیشت کے استحکام اور سرمایہ کاری سمیت موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک درست سمت میں گامزن ہے، درپیش مسائل حل ہونا شروع ہو گئے ہیں اور ملک مثبت معاشی و اقتصادی پیشرفت کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دن بدن ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے اور انشا اللہ آئندہ برسوں میں معیشت کے ٹیک آف کرنے کا وقت ہے۔وفاقی وزیر مواصلات اور لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے حکومت کو کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ( ن) کے مابین سیاسی شراکت جاری رہے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان قائم کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔ملاقات میں استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی اور مسلم لیگ( ن) کے رہنماو سابق ایم پی اے میاں نصیر احمد بھی موجود تھے۔