اسرائیل نے ڈھائی ارب مسلمانوں کو بے بس کررکھا ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

ہر روز قتل وغارت کے مناظر دیکھتے ہیںبارود اور عمارتوں کے ڈھیر میں فلسطینیوں کو زندہ دفن کردیاجاتا ہے ڈھائی ارب مسلمانوں کے پاس سیاسی سفارتی اور اقتصادی طاقت نہیں ہے ۔مسلمان ممالک اسرائیل کے سامنے کیوں بے بس ہیں اس کاجواب تلاش کرناہوگا

پیر 14 اپریل 2025 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ڈھائی ارب مسلمانوں کو بے بس کررکھا ہے، ہر روز قتل وغارت کے مناظر دیکھتے ہیںبارود اور عمارتوں کے ڈھیر میں فلسطینیوں کو زندہ دفن کردیاجاتا ہے،ڈھائی ارب مسلمانوں کے پاس سیاسی سفارتی اور اقتصادی طاقت نہیں ہے ،مسلمان ممالک اسرائیل کے سامنے کیوں بے بس ہیں اس کاجواب تلاش کرناہوگا،یونیورسٹیوں اور مدارس کواڑان پاکستان کا حصہ بننے کی ترغیب دے رہے ہیں،مبلغ کو نفرت اور تعاصب سے پاک رہنا چاہئے ،آج کے دور کا سب سے بڑا فتنہ سوشل میڈیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جامعہ بنوریہ العالمیہ کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ایک دور تھا جب اسلامی تہذیب اپنے عروج پر تھی۔ اسپین میں مسلم دور سے شغف رہا، وہاں مسلم تہذیب کے عروج و زوال کے اسباب موجود ہیں۔اسپین کا دور اسلامی تہذیب کا سب سے زیادہ سنہرا دور تھا۔شعبہ طب، میتھ سمیت کئی علوم کے اصول دینے والے سب مسلمان تھے۔

مسلمانوں نے علم کی قیادت قرآن مجید کی بنیاد پر حاصل کی تھی۔ مسلمانوں میں علم کی جستجو تھی اس دور کے مسلمان کائنات کی ہر پہیلی کو سلجھانا اللہ تک پہنچنے کا ذریعہ سمجھتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ اپنے دینی علوم کے سبب ممتاز مقام رکھتی ہی74ممالک سے آئے طلبہ اس بات کاثبوت ہیں کہ یہاں عالمی معیار بلند ہے۔موجودہ دور انسانی اور اسلامی تاریخ کا پرآشوب دور ہے۔

غور و فکر میں انحطاط کے سبب ہم ناکام ہیں۔ایک دور میں بغداد، دمشق، کائرہ سے علم کے مینار بلند ہوتے تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ یوں لگتا ہے ہم نے دین کو صرف عبادات تک محدود کردیا ہے۔ہم سب کو پاکستان میں اسلامی معاشرے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یونیورسٹیوں اور مدارس کواڑان پاکستان کا حصہ بننے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔مبلغ کو نفرت اور تعاصب سے پاک رہنا چاہئے ۔

آج کے دور کا سب سے بڑا فتنہ سوشل میڈیا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ بنا کر پیش کیا جاتا ہے جس نے مجھ پر گولی چلائی اس کے دماغ میں جھوٹ کے ذریعے زہر گھولا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی پیغمبر نہیں آئیگا ہمیں دین کا پیغام عام کرنا ہے۔ دین سے دور لوگوں سے نفرت کریں گے تو انہیں ہدایت نہیں دے سکتے ۔اہم اخلاق محبت سے دین کا پیغام عام کرنا ہوگا۔لوگوں کے درمیان نفرت کی دیوار ہوگی تو انہیں دعوت نہیں دی جاسکتی نفرت کے جذبے سے لوگ کبھی نہیں جڑ سکتے۔۔