پاکستان میں مون سون کے دوران زائد بارشوں کی پیشگوئی

اپریل سے جون تک ملک میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہنے کا امکان، اس دوران ملک میں بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی

پیر 14 اپریل 2025 23:02

پاکستان میں مون سون کے دوران زائد بارشوں کی پیشگوئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اپریل2025ء) پاکستان میں مون سون کے دوران زائد بارشوں کی پیشگوئی، اپریل سے جون تک ملک میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہنے کا امکان، اس دوران ملک میں بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی ۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین موسمیات نے رواں سال پاکستان میں مون سون کے دوران زائد بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ بتایا گیا ہے کہ اپریل سے جون تک ملک میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہ سکتاہے جبکہ اس دوران ملک میں بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی اور اپریل سے جون تک بارشوں کا ملک کے پانی کے ذخائر میں حصہ 19 فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں اپریل سے جون تک معمول سے کم بارشیں ہوں گی، رواں سال موسم سرما میں ملک میں 61 فیصد معمول سے کم بارشیں ہوئیں اور رواں سال برفباری بھی 50 فیصد کم ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کے ڈیمز میں پانی پہلے ہی ڈیڈ لیول سے نیچے ہے، سندھ کے اکثر علاقوں میں معتدل خشک سالی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی موسمیاتی ماڈلز رواں سال مون سون کے دوران پاکستان میں زائد بارش کی پیشگوئی کر رہے ہیں، تاہم مون سون کی درست پیشگوئی مئی کے آخر یا جون کی ابتدا ء میں کی جاسکے گی۔