لیبیا، تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 4 پاکستانیوں سمیت 11 افراد جاں بحق

سیریت شہر کے قریب ہراوا کوسٹ میں کشتی کو حادثہ 12 اپریل کو پیش آیا تھا، حادثے میں گیارہ نعشیں نکال لی گئی ہیں جن میں سے چار کی پاکستانیوں کے طور پر شناخت کر لی گئی ہے جن میں تین کا تعلق منڈی بہاوالدین اور ایک کا گوجرانوالہ سے ہے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 15 اپریل 2025 10:43

لیبیا، تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 4 پاکستانیوں سمیت 11 افراد جاں بحق
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل 2025)لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 4پاکستانیوں سمیت 11افراد جاں بحق، پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو بھیجی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیبیا کے مشرقی علاقے میں سیریت شہر کے قریب ہراوا کوسٹ میں کشتی کو حادثہ 12 اپریل کو پیش آیا،افسوسناک واقعہ میں ایک اور کشتی ڈوب گئی ،حادثے میں گیارہ نعشیں نکال لی گئی ہیںجن میں سے چار کی پاکستانیوں کے طور پر شناخت کر لی گئی ہے۔

پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم نے دستاویزات سے 4 نعشوں کی پاکستانیوں کے طور پر شناخت کر لی ہے۔ تین کا تعلق منڈی بہاوالدین اور ایک کا گوجرانوالہ سے ہے۔لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو بھیجی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیبیا کے مشرقی علاقے میں سیریت شہر کے قریب ہراوا کوسٹ میں کشتی کو حادثہ12اپریل کو پیش آیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفارتخانہ حادثے کے متعلق مزید معلومات کیلئے مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم نے سیریت شہر کا دورہ کر کے واقعہ کی معلومات حاصل کیں اور قومی دستاویزات سے چار نعشوں کی پاکستانیوں کے طور پر شناخت کر لی ہے۔کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں میں زاہد محمود ولد لیاقت علی کا تعلق گوجرانوالہ جبکہ سمیر علی ولد راجہ عبدالقدیر،سید علی حسین ولد شفقت الحسنین اورآصف علی ولد نذرمحمد کا تعلق منڈی بہاوالدین سے ہے۔

اس کے علاوہ دو نعشوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔حادثے میںپانچ نعشیں مصری شہریوں کی ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی لیبیا کے ساحل کے قریب پاکستانی شہریوں کی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق کشتی میں 65 پاکستانی شہری سوار تھے۔ کشتی مرساڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹی تھی۔

بعدازاں رجمان دفتر خارجہ کے مطابق لیبیا ساحل کے قریب کشتی حادثہ کی غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کشتی میں 63 پاکستانی سوار تھے، اب تک 16 لاشیں نکالی جا چکی تھیں۔ 37 پاکستانی زندہ بچ گئے تھے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق زندہ بچ جانے والوں میں 1 ہسپتال، 33 پولیس کی تحویل میں تھے جبکہ 3 افراد طرابلس میں ہیں اور سفارتخانہ ان کی دیکھ بھال کررہا تھا۔

قبل ازیں بھی افریقہ سے یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی بحیرہ روم کے جزیرے لیمپیون میں الٹ گئی تھی۔خبر ایجنسی کے مطابق اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 40 لاپتہ ہوگئے تھے۔لیمپیون جزیرے پر الٹنے والی کشتی سے 10 تارکین کو بچا لیا گیا تھا۔خبر ایجنسی کے مطابق زندہ بچ جانے والوں میں 6 مرد اور 4 خواتین شامل تھے۔تارکین وطن تیونس سے 16 مارچ کو روانہ ہوئے تھے، کشتی پر 56 افراد سوار تھے۔