Live Updates

پاکستان کی اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے غزہ میں بیپٹسٹ ہسپتال پر بمباری کی شدید مذمت ، اسرائیل کے لاتعداد حملوں نے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مفلوج کردیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

منگل 15 اپریل 2025 11:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) پاکستان نے اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے غزہ میں بیپٹسٹ ہسپتال پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ، طبی سہولیات کو نشانہ بنانے کا حصہ اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق یہ حملہ پام سنڈے کو پیش آیا جو عیسائیوں کے لئے ایک مقدس موقع ہے اور یہ اسرائیل کی مذہبی تقدس اور شہری زندگیوں کو صریح نظر انداز کرنے کی نشاندہی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے جاری مظالم کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم اور نہتے فلسطینیوں کا اندھا دھند قتل اور شہری انفراسٹرکچر کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کے لاتعداد حملوں نے غزہ کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مفلوج کردیا ہے، جس سے شدید بیمار مریضوں کو طبی امداد سے محروم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی امداد کی ناکہ بندی کے ساتھ مل کر یہ اقدامات مصائب کو طول دینے اور تنازعات کو بڑھانے کے لئے دانستہ حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے دشمنی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتا ہے اور دو ریاستی حل کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے جس میں جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ایک قابل عمل، آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ بیان میں پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے اور فلسطینی شہریوں کو مزید تشدد سے بچانے کے لئے فیصلہ کن اقدام کرے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات