پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے باغ جناح فیصل آباد میں مزاحیہ مشاعرے کا انعقاد

منگل 15 اپریل 2025 17:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) پنجاب کلچر ڈے کی تقریبات کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مزاحیہ مشاعرہ باغ جناح میں منعقد ہوا ،جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر مہمان خصوصی اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمانان اعزاز تھے۔ ڈائریکٹر پی ایچ اے حسان جاوید اور دیگر افسران کے علاوہ خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے مشاعرہ میں شرکت کی۔

مشاعرے میں مزاح کی دنیا کے نامور شعراء کرام زاہد فخری، سلمان گیلانی، خالد مسعود خاں، طاہر شہیر، عارف بخاری، ویر سپاہی، ڈاکٹر بدر منیر، سلیم اختر و دیگر نے اپنا خوبصورت مزاحیہ کلام پیش کر کے محفل کو کشت زعفران بنا دیا۔ معروف بولی گائیک نذر عباس نے خوبصورت آواز میں دلوں کو چھو جانے والی پنجابی بولیاں پیش کیں اور شرکاء سے خوب داد وصول کی۔

(جاری ہے)

نظامت کے فرائض مقامی شاعر شہزاد بیگ نے انجام دیئے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ثقافت میں شعر و ادب کو بھی خاص مقام حاصل ہے اور پنجابی شاعری میں ہمہ جہت ثقافتوں کے رنگ جھلکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزاحیہ مشاعرے کی بدولت شہریوں کو معیاری تفریح کے مواقع میسر آئے ہیں اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ممتاز شعراء کرام کو بے حد داد تحسین پیش کرتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مشاعرے کے انتظامات میں بھرپور معاونت کرنے پر ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور تمام تر انتظامات کو سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے مزاحیہ مشاعرے میں شرکت کرنے والے پاکستان کے مایہ ناز شعراء کرام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پنجاب کی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی تقریبات میں مذاحیہ مشاعرے کو بڑی اہمیت حاصل رہی اور لوگوں کی دلچسپی نے اس محفل میں مذید خوشنما رنگ بھر دیئے۔

انہوں نے کہا پنجاب کا ثقافتی ورثہ خوشگوار طرزِ زندگی، مثبت سماجی سرگرمیوں، علم و ہنر، دھرتی سے محبت، باہمی اخوت اور تہذیبی رشتوں سے جڑا ہوا ہے جسے معاشرے میں متحرک رکھنا ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ ثقافت کا دن منانے کا اصل مقصد نئی نسل کو ثقافتی تاریخ سے آشنا اور شادمانی کا ماحول پیدا کرنا ہے کیونکہ خوش کن تقریبات کے انعقاد سے معاشرے سے ذہنی تناؤ، سماجی الجھنوں اور گھٹن کا خاتمہ ہوتا ہے۔ انہوں نے اس نوعیت کی تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم کر تے ہوئے مشاعرے کو رونق بخشنے پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر، دیگر افسران و مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔