معروف فنکار ایوب کھوسہ کی گور نر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

منگل 15 اپریل 2025 18:29

معروف فنکار ایوب کھوسہ کی گور نر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات
اسلام آباد/پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)بلاول ہاؤس کراچی کے میڈیا کوآرڈینیٹر فدا حسین ڈھکن اور پاکستان کے معروف اداکار، ہدایتکار اور فنکار ایوب کھوسہ کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں خصوصی ملاقات کی۔ وفد میں سابق ڈی جی سپورٹس آغا امجد ، پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری ابرار سعید سواتی ، پیپلز یوتھ کے صوبائی نائب صدر وجاہت اللہ خان بھی شامل تھے ، ملاقات کے دوران فن و ثقافت کے فروغ، نوجوانوں کی مثبت سمت میں رہنمائی، آرٹس اینڈ کلچر کے اداروں کی بحالی اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی ، گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر خیبرپختونخوا کی ثقافتی تاریخ، فنکاروں کی صلاحیتوں اور فنون لطیفہ کے شعبے میں نوجوانوں کی دلچسپی پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے درست رہنمائی اور مناسب پلیٹ فارم فراہم کر کے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں تھیٹر، فلم، میوزک اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ نوجوان نسل منفی سرگرمیوں سے بچ کر مثبت کردار ادا کر سکے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایوب کھوسہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنکار معاشرے کا حساس طبقہ ہوتے ہیں، جو اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے امن، رواداری اور انسان دوستی کا پیغام عام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے گورنر ہاوس پٴْرعزم ہے، اور نوجوانوں کو آرٹس، تھیٹر اور فلم سازی جیسے شعبوں میں آگے لانے کے لیے اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ، ایوب کھوسہ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے جذبات اور کردار کو سراہا۔