بہاولپور یونیورسٹی میں معاشرہ کی اصلاح و تعمیر میں منبر و محراب کے کردارکے موضوع پرسیمینار کا انعقاد

منگل 15 اپریل 2025 22:06

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام غلام محمد گھوٹوی ہال میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان ’’ معاشرہ کی اصلاح و تعمیر میں منبر و محراب کا کردار‘‘ تھا۔سیمینار میں بہاولپور شہر اور مضافاتی علاقہ جات کی مساجد کے آئمہ و خطبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز نے کی۔ تقریب کے مہمان اعزاز پروفیسر علامہ محمد یوسف خان شیخ الحدیث جامعہ اشرفیہ لاہورتھے ۔نقابت کے فرائض شعبہ فقہ اینڈ شریعہ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سعید شیخ نے ادا کیے۔پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمٰن ڈائریکٹر سیرت چیئر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے منتظمین، تمام شرکا، اور مہمان اعزاز کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔صدرِ مجلس پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ بہاولپور بنیادی طور پر ایک ایسا دینی مدرسہ تھا جس نے معاشرے سے فرقہ واریت کے عفریت کا خاتمہ کیا اور اتحاد ویگانگت کی انوکھی مثال قائم کی، آج کا پروگرام بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے سیمینار کے انعقاد اور سرپرستی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کا شکریہ ادا کیا ۔

پروفیسر علامہ محمد یوسف خان نے اپنے خطاب میں حاضرین مجلس کے سامنے منبر ومحراب کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مساجد کی اہمیت کے ساتھ ساتھ عوام الناس کے روز مرہ کے معاملات میں پیش آمدہ مسائل کے حل کے لیے سیرت نبوی کی روشنی میں جائزہ بھی پیش کیا، اس کے ساتھ ہی منبر و محراب کے کردار کے لیے حاضرین کو کئی تجاویز بھی دیں جس کی روشنی میں ایک مثالی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :