سینیٹر تاج حیدر مرحوم کا پارلیمانی قانون سازی اور جمہوری استحکام میں اہم کردار رہا ہے، اسحاق ڈار

منگل 15 اپریل 2025 23:10

سینیٹر تاج حیدر مرحوم کا پارلیمانی قانون سازی اور جمہوری استحکام میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سینیٹر تاج حیدر مرحوم کا پارلیمانی قانون سازی اور جمہوری استحکام میں اہم کردار رہا ہے۔ منگل کو سینٹ کے اجلاس میں سینیٹر تاج حیدر مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر دلی دکھ ہوا، وہ محض سیاسیدان اور ممتاز مصنف تھے، پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ان کی وابستگی بہت گہری تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان سے پارلیمنٹ کے ایوانوں میں دیرینہ تعلق تھے، وہ ایوان کی کئی کمیٹیوں کے چیئرمین اور رکن رہے اور قانون سازی اور پارلیمانی امور کی انجام دہی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے اصولوں اور انصاف کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے، انہوں نے تعلیم، صحت اور سماجی بہبود سمیت مختلف شعبوں میں اپنا کردار ادا کیا، انہیں ان کی خدمات پر مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا، جمہوریت اور پسماندہ طبقات کیلئے ان کی خدمات مشعل راہ ہیں، ان کی خدمات مدتوں یاد رہیں گی۔