سوات ،ضلعی انتظامیہ کی آن لائن کھلی کچہری ،ڈپٹی کمشنر نے عوامی مسائل سن کر موقع پر ہی حل کرنے کے احکامات جاری کئے

منگل 15 اپریل 2025 23:12

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)سوات میں ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر سوات شہزادمحبوب نے عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔یہ کچہری ''ڈی سی سوات کے آفیشل فیس بک پیج ''پر براہ راست نشر کی گئی ۔ اس آن لائن سیشن میں ضلع بھر کے شہریوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنے انفرادی و اجتماعی مسائل، مشکلات اور تجاویز کو براہ راست کمنٹس کے ذریعے ڈپٹی کمشنر کے ساتھ شیئر کیا۔

آن لائن کچہری میں ضلع سوات کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل میونسپل آفیسرز، صحت،تعلیم، واپڈا، سوشل ویلفیئر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر سوات نے موصولہ شکایات کا فردا فردا جائزہ لیا اور فوری طور پر ان کا جواب دیا اور متعدد شکایات کا موقع پر ازالہ بھی کیا گیا جبکہ باقی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے جلد ازجلدرپورٹ طلب کی گئی۔

(جاری ہے)

فیس بک پر کھلی کچہری میں سوات کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے صحت و صفائی، نکاسی آب، تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر، ٹریفک مینجمنٹ اور فلاحی اقدامات سے متعلق اپنی شکایات اور تجاویز تفصیل سے پیش کیں۔ ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی اور ہر ممکن وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔