چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا پی این ایس درمان جاہ کے نئے تعمیر شدہ بلاک کا افتتاح

منگل 15 اپریل 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) پاک بحریہ نے ساحلی پٹی کے عوام کی فلاح و بہبود کے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی ہسپتال پی این ایس درمان جاہ، اورماڑہ میں ایک نئے تعمیر شدہ بلاک کا افتتاح کیا۔

منگل کو پاک بحریہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نوتعمیر شدہ بلاک جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے جن میں جدید آپریشن تھیٹر کمپلیکس، ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو )، آئی سی یو ، گائنی یونٹ، شعبہ اطفال اور نوزائیدہ بچوں کے لئے این آئی سی یوشامل ہیں۔ اس بلاک کا قیام علاقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

پی این ایس درمان جاہ، کراچی اور پسنی کے درمیان ساحلی شاہراہ پر واقع واحد ہسپتال ہے جو اورماڑہ اور گرد و نواح کے علاقوں کے مکینوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور ساحلی آبادی کی فلاح و بہبود کے لئے پاکستان نیوی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ہسپتال مقامی کمیونٹی کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، معززین اور پاکستان نیوی کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :