کوئٹہ، خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے انڈوومنٹ فنڈ کا آغاز کیا جارہا ہے،سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں

بدھ 16 اپریل 2025 01:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں حکومت بلوچستان سائرہ عطاء نے کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر معاشی ترقی نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے کی خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے انڈوومنٹ فنڈ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ترقی نسواں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور بینک الحبیب کی جانب سے منعقدہ فنانشل لٹریسی ویک کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی دل چسپی اور تعاون سے ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ انڈوومنٹ فنڈ پالیسی منظور کی گئی ہے جس سے خواتین کو با اختیار بنانے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ترقی نسواں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اس انڈوومنٹ فنڈ کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لٹریسی ویک منانے کا مقصد خواتین کو بزنسز کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے حکومت 3 لاکھ سے 15 لاکھ روپے کا بغیر سود قرضہ فراہم کرے گی جس سے خواتین گھر بیٹھے کام کرکے مستفید ہوسکتی ہیں۔ خواتین زراعت، لائیو سٹاک آی کامرس مارکیٹنگ اور ان جیسے دیگر کاروبار میں حصہ لے سکتی ہیں۔ پروگرام میں مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین نے صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی جانب سے صوبے کی خواتین کو با اختیار بنانے کی پالیسی کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان صوبے کی خواتین دوسرے صوبوں کی خواتین کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں گی۔