مضبوط اتحاد ،یگانگت کی بجائے سب دست و گریبان ہیں‘ عارف سندھو

ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے ،استحکام کیلئے اپنی اناء کو پس پشت ڈال ایک میز پر بیٹھنا ہوگا‘صدر متحدہ موومنٹ پنجاب

بدھ 16 اپریل 2025 12:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)عوامی متحدہ موومنٹ پنجاب کے صدر خالد سندھو نے کہاہے کہ موجودہ حالات میں جب مضبوط اتحاد اور یگانگت کی ضرورت ہے ایسے میں سب دست و گریبان ہیں ،ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے اور استحکام کے لئے سب اسٹیک ہولڈرز کو اپنی اناء کو پس پشت ڈالتے ہوئے ایک میز پر بیٹھنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے پنجاب سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈاکٹر مرتضیٰ ، محمد ریاض عطار، اسماعیل وفا، حکیم جاوید انصاری، حما د احمد ایدووکیٹ، محمد کامران ، میاں عابد حسین ، زاہد حسین انصاری ، رانا بلال ، خالد مغل ، امجد گولڈن سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔خالد سندھو نے کہاکہ دنیا کے حالات اور ترجیحات تیزی سے بدل رہے ہیں ایسے حالات میں ہمیں آئندہ کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنا ہو گی ۔

(جاری ہے)

پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے ، ہمارے ملک کی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے لیکن ہم پھر بھی دنیا میں کشکول اٹھائے پھر رہے ہیں ، ترقی کے لحاظ سے ہم دنیا میں سب سے پیچھے ہیں جو ہر محب وطن کے لئے باعث شرمندگی ہے ۔انہوں نے کہاکہ قوم اپنے لیڈر ز سے بہتری کی آس لگائے بیٹھے ہیں ، اپیل ہے کہ عوام کی امیدوں کو مایوسی میں نہ بدلیں بلکہ اتحاد کا مظاہرہ کر کے ملک کی سمت کا تعین کریں۔