پاکستان سے غیر قانونی افغان شہریوں کی ملک بدری کا سلسلہ جاری، مزید 3099 افراد طورخم کے راستے روانہ

ٹرانزٹ کیمپ پہنچنے والے سیکڑوں افراد کے پاس کوئی قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں،ڈپٹی کمشنرخیبربلال شاہدرائو

بدھ 16 اپریل 2025 15:35

پاکستان سے غیر قانونی افغان شہریوں کی ملک بدری کا سلسلہ جاری، مزید ..
خیبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)یکم اپریل سے اب تک مجموعی طور پر41 ہزار 521 غیر قانونی افغان شہریوں کو ملک بدر کردیاگیا۔پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی ملک بدری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر خیبر بلال شاہد راؤ کے مطابق، گزشتہ روز 3 ہزار 99 غیر قانونی افغان شہریوں کو طورخم کے راستے افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ملک بدر کیے جانے والے افغان باشندے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں رہائش پذیر تھے۔

(جاری ہے)

ان افراد کو خیبر کے لنڈی کوتل ٹرانزٹ کیمپ میں قانونی کارروائی کے بعد افغانستان روانہ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق، ٹرانزٹ کیمپ پہنچنے والوں میں 1195 افراد ایسے تھے جن کے پاس کوئی قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں جبکہ 1568 افراد اے سی سی کارڈ ہولڈرز تھے۔اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف اضلاع سے گرفتار کیے گئے افغان باشندوں کو پشاور کے جمعہ خان ٹرانزٹ کیمپ منتقل کیا گیاجہاں سے 366 افراد کو طورخم بارڈر بھیجا گیا۔ڈپٹی کمشنر خیبر بلال شاہد راؤ نے بتایا کہ یکم اپریل سے اب تک مجموعی طور پر 41 ہزار 521 غیر قانونی افغان شہریوں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔