حکومتِ پنجاب مسیحی برادری کی فلاح و بہبود کے لئےعملی اقدامات کررہی ہے، چوہدری شاہنواز رانجھا

بدھ 16 اپریل 2025 17:38

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماچوہدری شاہنواز رانجھا نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) ڈاکٹر محمد ارشد وٹو کے ہمراہ مستحق مسیحی خاندانوں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کیے۔ ہر خاندان کو 15 ہزار روپے کا چیک دیا گیا۔ جس کا مقصد کہ وہ اپنی ایسٹر کی خوشیوں کو احسن انداز میں منا سکیں۔

اس موقع پرچوہدری شاہنوازرانجھا نے کہا کہ حکومتِ پنجاب اپنے مسیحی خاندانوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں مسیحی برادری کی فلاح و بہبود کے لئےعملی اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ مسیحی برادری میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنا اسی سلسلہ کی کڑی ہے تاکہ مستحق مسیحی برادری کی ایسٹر کی خوشیاں دوبالا ہوسکیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماچوہدری شاہنواز رانجھانے کہا کہ مسیحی ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اُن کی خوشی ہماری خوشی ہے اور حکومت ان کو خوشی کی اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ اس موقع پر راہنماپاکستان مسلم لیگ(ن) رائے حامد رضا بھٹی بھی موجود تھے۔