قومی اسمبلی کے حلقہ NA-213 عمرکوٹ میں ضمنی انتخاب (آج )ہوگا

پیپلز پارٹی کی صبا تالپور، آزاد امیدوار لال مالہی اور تحریک لبیک پاکستان کے عمر جان سرہندی سمیت 18 امیدوار میدان میں

بدھ 16 اپریل 2025 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)قومی اسمبلی کے حلقہ NA-213 عمرکوٹ میں ضمنی انتخاب آج(جمعرات) 17 اپریل 2025 کو ہوگا۔ یہ حلقہ صحرائی اور بیراجی علاقوں پر مشتمل ہے، جہاں کل 6 لاکھ 8 ہزار 957 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں 2 لاکھ 87 ہزار 311 خواتین جبکہ 3 لاکھ 21 ہزار 686 مرد ووٹرز شامل ہیں۔ اس سلسلے میں ٹوٹل 498 پولنگ اسٹیشنز بنائی گئی ہیں، جن میں 98 مرد، 98 خواتین اور 302 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں, جن میں سے 91 انتہائی حساس، 269 حساس اور 169 نارمل قرار دی گئے ہیں، انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل ریٹرننگ افسر کی کیمپ آفس سے آج شام میں مکمل کرلیا جائے گا، پیپلز پارٹی کی صبا تالپور، آزاد امیدوار لال مالہی اور تحریک لبیک پاکستان کے عمر جان سرہندی سمیت 18 امیدوار میدان میں ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کے آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، انہوں نے پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن غیرجانبدار اور منصفانہ انتخاب کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے، اور کسی بھی بے ضابطگی، خلاف ورزی یا بدانتظامی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔