وانا میں چیف سیکرٹری کا دورہ، عوامی حلقوں نے ’ناکام اور نمائشی‘ قرار دے دیا

جب سے ضلع لوئر جنوبی وزیرستان میں ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ، تب سے وانا میں ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہیں ،سماجی و عوامی شخصیات

بدھ 16 اپریل 2025 20:55

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کا ضلع لوئر جنوبی وزیرستان کا ایک روزہ دورہ شدید عوامی تنقید کی زد میں آ گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس دورے کو "ناکام" اور "نمائشی" قرار دیتے ہوئے مقف اختیار کیا ہے کہ وانا میں جاری بدامنی اور بے روزگاری کے حقیقی مسائل پر بات کرنے والے افراد کو دورے کے دوران منعقدہ تقریبات میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔

علاقہ مکینوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری کے ہمراہ آنے والے تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے صرف دکھاوے کے لیے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا، جبکہ اصل مسائل اور عوامی نمائندگی کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔سماجی و عوامی شخصیات نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ضلع لوئر جنوبی وزیرستان میں ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے، تب سے وانا میں ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہیں جبکہ امن و امان کی صورتحال بھی دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

عوامی رائے کے مطابق، موجودہ انتظامیہ زمینی حقائق سے مکمل طور پر لاتعلق ہے اور مقامی آبادی کو درپیش چیلنجز کا ادراک نہیں رکھتی۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ جب تک وانا میں قابل، فعال اور زمینی حقائق سے باخبر افسران تعینات نہیں کیے جاتے، اس وقت تک بدامنی اور بے روزگاری عوام کا مقدر بنی رہے گی۔علاقے کے بزرگ، نوجوان اور سماجی کارکنان حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وانا کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور فوری طور پر موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے میں پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔