1 من گندم کی قیمت 1 پیزے کی قیمت کے برابر، کسان گندم لگانا چھوڑ دے گا

حکومت کی پالیسی کی وجہ سے کسان کی گندم کوئی خرید ہی نہیں رہا، گندم کی قیمت 2 ہزار روپے تک آ گئی، کسان گندم لگانا چھوڑ دے گا، ندیم افضل چن نے حکومت کو خبردار کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 16 اپریل 2025 21:22

1 من گندم کی قیمت 1 پیزے کی قیمت کے برابر، کسان گندم لگانا چھوڑ دے گا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل2025ء) "1 من گندم کی قیمت 1 پیزے کی قیمت کے برابر، کسان گندم لگانا چھوڑ دے گا" حکومت کو خبردار کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے گندم کے حوالے سے ممکنہ بحران کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر چل رہا ہے کہ 1 من گندم کی قیمت 1 پیزے کی قیمت کے برابر ہو گئی، حکومت کی پالیسی کی وجہ سے کسان کی گندم کوئی خرید ہی نہیں رہا، گندم کی قیمت 2 ہزار روپے تک آ گئی، کسان گندم لگانا چھوڑ دے گا، کسان گندم نہیں لگائے گا تو پھر باہر سے 2 سے 3 کھرب روپے کی گندم منگوانا پڑے گی۔

دوسری جانب مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا گندم نرخ، ملکی شرح نمو اور پیٹرولیم قیمتوں پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گندم قیمت میں فی من سو روپے کم ملنے سے پورے ملک کے کسانوں کا 75 ارب جبکہ پنجاب کے کسانوں کو 50 ارب کا نقصان ہے۔

(جاری ہے)

مزمل اسلم نے کہا ہے کہ موجودہ قیمت کے حساب سے 1200 روپے فی من کسانوں کو نقصان ہے جو پنجاب کے کسانوں کا 600 ارب جبکہ باقی ملک کے کسانوں کا 300 ارب روپے بنتا ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ یہی کل نقصان تقریباً 3.2 ارب ڈالر بنتا ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اسی صورتحال کے تناظر میں مستقبل میں گندم کی درآمد کرنی پڑے گی اتنی رقم پھر درآمد کی شکل میں غیر ملکی کسانوں کو ادا کریں گے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ رواں سال ملکی شرح نموع 2.5 تا 3.0 فیصد رہے گی جو 4 فیصد ہدف سے کم ہے جبکہ زمینی حقائق کے مطابق پہلے 8 ماہ میں صنعتوں کی پیداوار منفی 1.9 فیصد ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ صنعتی پیداوار مارچ کے مہینے میں منفی 5.9 فیصد رہی اور ملکی زراعت تاریخ کی بدترین دور سے گزر رہی ہے جبکہ کسی قدرتی آفت کا بھی سامنا نہیں ہے۔