آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شریک مختلف ٹیموں کی کھلاڑیوں اورآفیشلز کا واہگہ بارڈر کا دورہ،پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت

بدھ 16 اپریل 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والی مختلف ممالک کی ویمن کرکٹ ٹیموں کی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی دعوت پر واہگہ بارڈر کا دورہ کیا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق خواتین کھلاڑیوں نے پاکستانی پرچم اتارنے کی ولولہ انگیز تقریب میں شرکت کی اور رینجرز کے جوانوں کی زبردست پریڈ کو نہایت دلچسپی اور جوش کے ساتھ دیکھا،پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے ''پاکستان زندہ باد''اور''جیوے جیوے پاکستان''کے نعرے لگا کر ماحول کو پرجوش بنا دیا۔

اس موقع پر غیر ملکی ویمن کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اورامپائرز نے تقریب سے بھرپور لطف اٹھایا اور اسے ایک منفرد اور یادگار تجربہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رینجرز کے جوانوں کا جذبہ اور عوام کا جوش و خروش دیکھ کر بے حد متاثر ہوئیں۔اس موقع پر خواتین کھلاڑیوں نے پاکستان رینجرز پنجاب کے جوانوں کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں اور تقریب کی بھرپور تعریف کی۔ پاکستان رینجرز پنجاب کی جانب سےٹیموں کی کپتانوں کو یادگاری سوونیئرز بھی پیش کئے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ یہ دورہ نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں اہم سنگ میل ہے بلکہ پاکستان کے مثبت اور پرامن امیج کو بھی اجاگر کرتا ہے۔