جموں، تیز ہوائوں کے باعث سول سیکرٹریٹ کی دیوار منہدم ، کئی گاڑیاں تباہ

بانڈی پورہ میں آتشزدگی کے باعث تین مکان تباہ،کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی

جمعرات 17 اپریل 2025 15:33

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں تیز ہوائوں اور بارش نے تباہی مچا دی ، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بدھ کی شام چلنے والی شدید ہوائیوں اورموصلا دار بارش نے جموںاور ادھمپور کے کچھ حصوں میںسخت تباہی مچا دی۔ جموں میںسول سیکرٹریٹ کی چاردیواری کا ایک حصہ تیز ہوا کے باعث منہدم ہوگیا۔

دیوار خار دار تار سمیت زمین پر آگئی جس کے ملبے کی لپیٹ میں آنے کیوجہ سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

ادھمپور ضلع میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جس سے ٹریفک کی نقل و حرکت میں شدید خلل پڑا ۔ ضلع کے کئی علاقوں میں سڑکیں بند ہوگئیں اور کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔دریں ثنا وادی کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے ایس کے پائین میں آتشزدگی کے باعث کم از کم تین رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ آگ ایک مکان سے شروع ہوئی اور تیزی سے ملحقہ گھروں تک پھیل گئی۔ اس دوران ایک گھر میں موجود سلینڈر بھی آگ کی وجہ سے پھٹ گیاجس کے باعث آگ مزید تیز ہوئی ۔ فائر سروس ٹیم کے پہنچنے تک آگ تین گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی۔حکام کے مطابق سخت کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔