غیراختیارگائنی کی پریکٹس کر نے والے ڈاکٹر کے خلاف کیس کی فائل دوسرے بنچ میں بھجوانے کیلئے چیف جسٹس کو ارسال

جمعرات 17 اپریل 2025 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء) بغیر اختیار گائنی کی پریکٹس کر نے والے ڈاکٹر کا لائسنس منسوخ اور 25 لاکھ جرمانہ کرنے کے کیس کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی گئی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پاکستان میڈیکل ٹرییونل کی تشکیل اور ڈاکٹر کے خلاف کارروائی معطل کروانے کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی ۔

درخواست گزار کی جانب سے نوشاب اے خان ایڈوکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے درخواست گزار کو گائنی کی پریکٹس کرنے پر سزا سنائی ، پی ایم ڈی سی نے ڈاکٹر غلام اصغر کا لائسنس منسوخ اور 25 لاکھ جرمانہ کا حکم دیا ،پی ایم ڈی سی کے آرڈرز کے خلاف میڈیکل ٹربیونل میں رجوع کررکھا ہے، پاکستان میڈیکل ٹربیونل اس وقت فعال نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت وفاقی حکومت کو پاکستان میڈیکل ٹربیونل کی تشکیل کا حکم دے ۔ مزید استدعا کی گئی کہ عدالت پاکستان میڈیکل ٹربیونل کی تشکیل تک درخواست گزار کو دی گئی سزا کا حکم معطل کرنے کا حکم دے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دئیے کہ اس نوعیت کے کیس کی سماعت جسٹس حسن نواز مخدوم کرچکے ہیں ، مناسب ہوگا کہ وہی کیس کی سماعت کریں جس کے بعد انہوں نے کیس کی فائل جسٹس حسن نواز مخدوم کی عدالت میں بھجوانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو بھجوادی۔