3 کروڑ روپے تاوان کیلئے اغواء کیا جانے والا طالب علم کچے سے بازیاب

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 اغواء کاروں کو بھی گرفتار کرلیا جن کا تعلق سندھ سے بتایا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 اپریل 2025 16:37

3 کروڑ روپے تاوان کیلئے اغواء کیا جانے والا طالب علم کچے سے بازیاب
کوٹ ادو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2025ء ) پولیس نے 3 کروڑ روپے تاوان کیلئے اغواء کیے جانے والے طالب علم کو کچے سے بازیاب کروالیا، 2 اغواء کار بھی پکڑے گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے کوٹ ادو سے تین کروڑ روپے تاوان کے لیے اغواء ہونے والے نویں کلاس کے طالب علم کو پانچویں روز بازیاب کروالیا گیا ہے، اس سلسلے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 اغواء کاروں کو گرفتار کرکے ملازمان سے 20 لاکھ روپے تاوان کی وصول شدہ رقم بھی برآمد کرلی۔

بتایا گیا ہے کہ کوٹ ادو کی تحصیل چوک سرور شہید سے 10 اپریل کو نویں کلاس کے 18 سالہ طالب علم سہیل احمد کو سکول جاتے وقت اغواء کیا گیا، جس کے بعد اغواء کاروں نے طالب علم کی بازیابی کے لیے 3 کروڑ روپے تاوان طلب کیا، تاہم پولیس نے مغوی سہیل احمد کو دریائے چناب کے کچے کے علاقے سے بازیاب کروالیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پنجاب پولیس نے راجن پور میں کچہ جمال کے علاقے سے ڈاکوﺅں کا قبضہ چھڑا لیا، پولیس کے گرینڈ آپریشن کے دوران دوخطرناک ڈاکو عبدالرحمان عرف بگا اور بہادر سیدانی ہلاک ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو شدید زخمی بھی ہوگئے، آپریشن کے دوران ڈاکووں کے تمام ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو آگ لگا کر تباہ کردیا گیا، پانچ ڈاکوؤں نے اسلحہ سمیت خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ گرینڈ آپریشن کے دوران ایک مغوی محمد آصف کو بھی بازایاب کرا لیا گیا، محمد آصف کو عمرانی گینگ نے کچھ روز قبل بیمار جانوروں کا معائنہ کرنے کیلئے بلا کر اغوا کیا تھا، گرفتار ڈاکو قتل، اغوا اور ڈکیتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے، یہ علاقہ نو سال سے ڈاکوؤں کے قبضے میں تھا، گرینڈ آپریشن میں پنجاب پولیس ایلیٹ فورس کے کمانڈوز نے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ حصہ لیا۔