ْفلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور مظلوموں کی حمایت ہمارا ایمانی فریضہ ہے، پیر ارشد کاظمی

جمعرات 17 اپریل 2025 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)فلسطین کی مظلوم عوام کے ساتھ ہماری حمایت صرف ایک وقتی جذبہ نہیں بلکہ یہ ہمارا ایمانی فریضہ ہے۔ ہم ہر دور میں مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور رہیں گے۔ تحریک اہل سنت پاکستان ہر فورم پر فلسطینی عوام کی آواز بنے گی اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کا عمل جاری رکھے گی۔یہ باتیں تحریک اہل سنت پاکستان کے مرکزی رہنما اور چیئرمین رابطہ کمیٹی سندھ پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری خیبر پختونخوا کے دورے کے دوران مردان میں فلسطین یکجہتی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

پیر سید ارشدعلی شاہ کاظمی القادری خیبرپختونخوا کے ایک منظم اور کامیاب تنظیمی دورے کے بعد کراچی واپس پہنچ گئے ہیں۔ یہ دورہ مرکزی چیئرمین صاحبزادہ پیر فیض رسول حیدر رضوی کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا، جس میں مرکزی چیف آرگنائزر سید حیدر رضا شاہ بھی ان کے ہمراہ شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس تنظیمی سفر کے دوران پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی نے خیبر پختونخوا کے مختلف اہم علاقوں، بشمول مردان، رستم، بونیر، دیر اور پشاور کا دورہ کیا۔

اس دوران صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر تنظیمات کی تشکیل نو اور نئی باڈیز کی تکمیل کا عمل مکمل کیا گیا۔ مختلف اضلاع میں تنظیمی اجلاس منعقد ہوئے، جن میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ان نشستوں میں تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔مردان میں پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی، سید حیدر رضا شاہ، صاحبزادہ فضل منان قادری، فیاض خان اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں ایک عظیم الشان یکجہتی فلسطین ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ہزاروں افراد پر مشتمل اس ریلی نے مردان کی فضا کو فلسطینی عوام کے حق میں نعروں اور جذباتی ولولے سے گونجا دیا۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔انہوں نے مسلم اُمہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کے مظلوم عوام کا ساتھ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم دنیا ایک مؤثر اور مشترکہ لائحہ عمل اپنائے۔اس پورے دورے کے دوران تحریک اہل سنت خیبر پختونخوا کے صدر صاحبزادہ فضل منان قادری اور دیگر صوبائی عہدیداران بھی سرگرم رہے۔ انہوں نے تنظیمی کاموں کی نگرانی، رابطہ کاری اور کارکنان کی رہنمائی میں بھرپور کردار ادا کیا۔

ان کی موجودگی نے دورے کو مزید بامقصد اور نتیجہ خیز بنا دیا۔پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی کا خیبر پختونخوا کا یہ دورہ نہ صرف تنظیمی حوالے سے ایک مضبوط پیش رفت ثابت ہوا بلکہ فلسطینی کاز کے لیے مؤثر آواز بلند کرنے کا ذریعہ بھی بنا۔ اس سے کارکنان کے حوصلے بلند ہوئے اور تحریک اہل سنت پاکستان کی تنظیمی بنیادیں مزید مستحکم ہوئیں