دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر حلقے کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے بھر پور کردار ادا کروں گا ، ملک نعیم بازئی

جمعرات 17 اپریل 2025 17:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2025ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن صوبائی اسمبلی سابق صوبائی وزیر ملک نعیم خان بازئی نے کہا ہے کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے حلقے کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے بھر پور کردار ادا کروں گا تاکہ علاقے کی تعمیر و ترقی کو یقینی بناتے ہوئے عدم تشدد کے فلسفے پر چلتے ہوئے باہمی روابط کو فروغ دیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خدائی خدمت گار مرکز بلیلی میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38 کے مختلف علاقوں سے آنے والے لوگوں اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے سیاسی و علاقائی امور اور علاقوں کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی جانب سے ملنے والے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کے علاقوں کی تعمیر و ترقی اور بہتری کے لئے انہیں قابل استعمال لاکر لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات تعلیم، صحت ، پانی ، سڑکوں کی بہتری اور روزگار کی فراہمی میں اپنا موثر کردار ادا کروں گا کیونکہ ہم نے سیاست کو عبادت سمجھ کر کیا ہے اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ہی لوگوں کے مسائل حل کررہا ہوں انہوں نے کہا کہ ہم باچا خان کے پیروکار ہیں اور ان کے عدم تشدد کے فلسفے پر عمل پیرا ہوکر علاقے سے تنازعات کے خاتمے کو یقینی بناتے ہوئے لوگوں میں بھائی چارگی باہمی روابط کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا جس پر مختلف وفود کے نمائندوں قبائلی و سیاسی عمائدین ، علاقائی معتبرین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔