یمنی علاقے البیضا میں حوثی ملٹری آپریشن روم پر امریکی طیاروں کی بمباری

امریکہ نے 15 مارچ کو حوثیوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا، روزانہ کی بنیاد پر فضائی حملے جاری

جمعہ 18 اپریل 2025 13:20

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)امریکی لڑاکا طیاروں نے یمن میں البیضا گورنری کے ضلع مکیراس میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا ڈالا ہے۔عرب ٹی وی کے ذرائع کے مطابق امریکی طیاروں نے مکیراس میں حوثی ملٹری آپریشن روم پر بمباری کی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ امریکی طیاروں نے البیضا میں جبل علی کے چوٹی پر حوثیوں کے مواصلاتی نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ہے۔

یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول مقامات کو نشانہ بنانے والے امریکی فضائی حملوں کی ایک شدید لہر دیکھی گئی ہے۔ ان حملوں میں دارالحکومت صنعا میں کم از کم ایک شخص کی موت کی اطلاعات سامنے آئیں۔ یہ حملے کئی گورنریٹس میں راتوں رات ہوئے۔ حوثی گروپ نے ہدف بنائے گئے مقامات کے بارے میں کچھ تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی فوج نے بمباری کا نشانہ بننے والے اہداف کے بارے میں مخصوص تفصیلات کا اعلان نہیں کیا۔

امریکی حملے بحیرہ احمر میں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ٹرومین اور یو ایس ایس کارل وِنسن سے کیے جا رہے ہیں۔ یہ دونوں طیارہ بردار بحری جہاز اس وقت بحیرہ عرب میں ہیں۔ امریکہ نے بحر ہند میں ڈیاگو گارشیا ایئر بیس پر B-2 سٹیلتھ بمبار بھی تعینات کیے ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ان حملوں میں ملوث ہیں۔یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں کو تقریبا روزانہ امریکی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ یہ حملے اس وقت سے شروع ہیں جب واشنگٹن نے 15 مارچ کو بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کو روکنے کے لیے ان کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔