ہماری سیاست بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے، ہم بلوچستان کے عوام کو روشنی میں لانا چاہتے ہیں،احسن اقبال

جمعہ 18 اپریل 2025 17:26

ہماری سیاست بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے، ہم بلوچستان کے عوام کو ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)وفاقی وزیر ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری سیاست بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے، ہم بلوچستان کے عوام کو روشنی میں لانا چاہتے ہیں۔احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں جب بلوچستان آیا تھا تو لوگوں نے کہا تھا کہ ہماری کوئی سڑک محفوظ نہیں، لوگ کہتے تھے کہ ہمارا کوئی کاروبار محفوظ نہیں لیکن 18-2017 میں بلوچستان میں مکمل امن قائم ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صوبائی حکومت کی بھرپور معاونت کی گئی، ہمیں بلوچستان میں اقدامات سے صورتِ حال کو معمول پر لانے میں بہت مدد ملی۔وفاقی وزیر ترقیات نے کہا کہ 2013 میں گوادر کا سفر 24 سے 36 گھنٹے کا سفر تھا، ہم نے 650 کلو میٹر سڑک تعمیر کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں آج بھی 2013 جیسے مایوس کن حالات کا سامنا ہے، جب ہم نے اس وقت پاکستان کو مشکل حالات سے نکالا تو آج بھی نکالیں گے، جو لوگ دہشت گردی کے واقعات کر رہے ہیں، تب بھی انہوں نے سڑک کے منصوبے کی مخالفت کی تھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ان لوگوں کی سیاست بلوچستان کی پسماندگی سے جڑی ہوئی ہے لیکن ہماری سیاست بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے، ہم بلوچستان کے عوام کو روشنی میں لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ختم ہونے کیبعد منصوبے ادھورے رہ گئے تھے، اب ہم نے ویژن 2025 بنایا ہے اس میں بلوچستان میں تعلیم پر توجہ دی۔