Live Updates

جس دن آئین وقانون کے مطابق فیصلے ہوں گے، اگلے ہی لمحے بےگناہ قیدی رہا ہوجائیں گے

ملک میں انتشار اور بدامنی کی فضاء کی وجہ غیر آئینی رجیم کا مسلط ہونا ہے، عوام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھاری مینڈیٹ دیا۔ رہنماء پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 18 اپریل 2025 19:08

جس دن آئین وقانون کے مطابق فیصلے ہوں گے، اگلے ہی لمحے بےگناہ قیدی رہا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہاہے کہ ساری دنیا جانتی ہے عوام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھاری مینڈیٹ دیا ،ملک پر غیر آئینی ریجیم مسلط کی گئی جس کی وجہ سے ملک میں انتشار اور بد امنی کی فضاء ہے ،جن کے پیچھے عوام کی طاقت نہیں ہوتی انہیں ڈیل دینا پڑتی ہے ۔

جمشید اقبال چیمہ کے ہمراہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں جس دن آئین و قانون کی بالا دستی ہو گی جس دن عدلیہ آزاد ہو گئی اور فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہوئے اگلے ہی لمحے سارے بے گناہ قیدی رہا ہوں گے جن میں سر فہرست پاکستان کے مقبول ترین لیڈر عمران خان ، ان کی اہلیہ بشری بی بی ،شاہ محمود قریشی ، یاسمین راشد ،محمود الرشید ،عمر سرفراز چیمہ ،اعجاز چوہدری اور دیگر شامل ہیں ،یہ ہماری نہیں جیت نہیں ہو گی بلکہ ملک کی جیت ہو گی ،آئین کی بالا دستی قوموں کی جیت ہوتی ہے یہ کسی خاص پارٹی یاطبقے کی جیت نہیں ہوتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہوںنے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مینڈیٹ دیا ،اس ملک پرغیر آئینی جو ریجیم مسلط ہے اس کی وجہ سے ملک میںانتشار اوربد امنی کی فضا ہے ،ستم بالائے ستم ہے جو مظلوم ہیے اسے ڈنکے کی چوٹ پرظالم کہا جاتا ہے لیکن یہ روش اب بند ہونی چاہیے ۔ انہوں نے ڈیل کے سوال پر کہا کہ ڈیل کیا ہوتی ہے ،ڈیل ان کو دینی پڑتی ہے جن کے پیچھے عوام کی طاقت نہیں ہوتی جو اعصابی طورپرکمزور ہوتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئین و قانون ہر قیدی کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دیتا ہے ،جمعرات کے روز جو ہوا وہ کیا تھا، عدلیہ کوبا جماعت سوچنا چاہیے کہ اپنی عزت بحال کرائیں ، اگر آپ ملاقات کی اجازت دیتے ہیں تو اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ملاقات کی اجازت نہ دیں، جمعرات کے روز جو کچھ ہوا وہ عدلیہ کی توہین ہوئی ہے ، ہم آپ سے اظہار یکجہتی کے لئے آپ کے لئے قربانیاں دینے کے لئے تیار ہیں لیکن آپ کو بھی اپنی عزت کی بحالی کے لئے ہمت کرنا پڑے گی ۔جو آپ کا کہا نہیں مانتے ان پر توہین عدالت لگائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات