اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف بی آر کی گریڈ 21 کی خاتون افسر کی اگلے گریڈ میں ترقی سے متعلق درخواست نمٹادی

ہفتہ 19 اپریل 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے ایف بی آر کی گریڈ 21 کی خاتون افسر شاہ بانو غزنوی کی اگلے گریڈ میں ترقی سے متعلق درخواست میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ایف بی آر افسران کی گریڈ 22 میں ترقی کے لیے ہائی پاور بورڈ کی تیاری شروع کرنے اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا سیکرٹری ایف بی آر کو بھیجا گیا آفس میمورنڈم عدالت پیش کئے جانے پرنمٹادی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل فیصل عرفان ایڈوکیٹ کے علاوہ درخواست گزار شاہ بانو غزنوی کے وکیل قمر افضل ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل کی جانب سے اسٹبلشمنٹ ڈویژن کا سیکرٹری ایف بی آر کو بھیجا گیا آفس میمورنڈم عدالت پیش کرتے ہوئے بتایا گیاکہ ہائی پاور بورڈ کے لیے اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے ایف بی آر سے افسران کی سروس کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے،ہائی پاور سلیکشن بورڈ میں ایف بی آر ، ان لینڈ ریونیو ، پاکستان کسٹم سروس کے افسران کی سروس کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ آفس میمورنڈم جاری ہونے پر ہم درخواست نمٹادیتے ہیں،ہم آپ کی درخواست نمٹانے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیں گے۔