محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں رنگا رنگ استقبالیہ تقریب

سینئر وزیر مریم اورنگزیب ،وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ ،مختلف سفارتکاروں ،پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام کی شرکت

ہفتہ 19 اپریل 2025 16:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء) محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب کی جانب سے لاہور کے تاریخی حضوری باغ میں بیساکھی اور سکھ یاتریوں کے اعزاز میں ایک شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ رنگا رنگ تقریب نہ صرف بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں نے شرکت کی بلکہ ملکی و غیر ملکی معزز مہمانوں نے بھی تقریب کو رونق بخشی۔

تقریب کی صدارت پنجاب کی سینئر وزیر محترمہ مریم اورنگزیب نے کی، جبکہ میزبانی کے فرائض صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے انجام دیے۔ تقریب میں آذربائیجان اور کینیڈا کے سفراء، امریکہ کے سینئر پولیٹیکل آفیسر، معروف کامیڈین افتخار ٹھاکر، سیکرٹری انسانی حقوق، ایڈیشنل سیکرٹری اور پارلیمانی سیکرٹری سونیا آشر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ مریم اورنگزیب نے سکھ یاتریوں کو 326 ویں بیساکھی اور خالصہ کے یوم پیدائش پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزیرِاعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی جانب سے یاتریوں کے لیے نیک تمناؤں اور مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے واپس جانے والے سکھ یاتری اب امن کے سفیر بن چکے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سکھ برادری کو بے حد عزت و احترام دیا۔ اروڑہ نے سکھوں اور پاکستان کے تعلق کو ''گوشت اور ناخن'' کی مانند قرار دیا اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی کوششوں سے صوبے میں سیاحت میں 72 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اقلیتوں کو اپنے سر کا تاج قرار دیا ہے۔تقریب کا اختتام روایتی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا اور بیساکھی کی اہمیت کو اجاگر کرنے والے خصوصی خاکوں سے ہوا، جسے شرکاء نے بھرپور سراہا۔

مریم اورنگزیب نے خوبصورت تقریب کے انعقاد پر انتظامیہ کو سراہا تاہم یہ تقریب نہ صرف بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال تھی بلکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا پُرامن اور مثبت تشخص اجاگر کرنے کا ایک خوبصورت موقع بھی ثابت ہوئی۔