پنجاب میں سٹامپ ڈیوٹی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ

غیرمنقولہ جائیداد کا تخمینہ کم لگنے پر شہری کو اپیل کرنے کا حق ہوگا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 اپریل 2025 15:13

پنجاب میں سٹامپ ڈیوٹی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل 2025ء ) پنجاب میں سٹامپ ڈیوٹی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا گیا جس کے تحت غیرمنقولہ جائیداد کا تخمینہ کم لگنے پر شہری کو اپیل کرنے کا حق ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے غیر منقولہ جائیداد کے کم تخمینے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سٹامپ ڈیوٹی ایکٹ 1899ء میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس حوالے سے ”دی سٹامپ ڈیوٹی ترمیمی ایکٹ 2025ء“ کے نام سے بل پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا جو اب متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، کمیٹی دو ماہ میں اس پر رپورٹ پیش کرے گی۔ ترمیمی بل میں تجویز دی گئی ہے کہ اگر کسی غیر منقولہ جائیداد کا تخمینہ کم لگے تو شہری کمشنر کے پاس اپیل کر سکیں گے، کمشنر کو اپیل موصول ہونے کے 15 دن کے اندر فیصلہ دینا ہوگا، ڈسٹرکٹ کلیکٹر کی غلطی سے متاثرہ شہریوں کو انصاف کے حصول کا نیا موقع ملے گا، کیوں کہ اس سے پہلے صرف زیادہ تخمینہ لگنے پر ہی اپیل کی جا سکتی تھی جب کہ کم تخمینہ ہونے کی صورت میں کوئی قانونی راستہ موجود نہیں تھا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بل میں غیر استعمال شدہ سٹامپ پیپرز کی ری فنڈ کا نظام بھی تجویز کیا گیا ہے، اگر شہری دو سال تک سٹامپ پیپر استعمال نہ کریں یا ملک سے باہر ہوں، جیل میں ہوں یا سٹامپ ڈیوٹی ان کے قبضے میں نہ ہو تو وہ ریفنڈ حاصل کرسکیں گے، حکومت کی جانب سے یہ مجوزہ ترامیم شہریوں کو ریلیف دینے، کرپشن کے امکانات کم کرنے اور سٹامپ ڈیوٹی نظام میں شفافیت لانے کی کوششوں کا حصہ قرار دی گئی ہیں۔

ادھرلاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس جواد حسن نے قرار دیا ہے کہ ’پہلی بار جائیداد فروحت کرنے والے سے ایڈوانس انکم ٹیکس کی وصولی کیلئے انکم ٹیکس آرڈیننس سیکشن 236 سی لاگو نہیں ہوتا‘، اس ضمن میں عدالت نے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) کو ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے بیرون ملک مقیم 128 صارفین کو فوری جائیدادوں کی منتقلی کا حکم جاری کردیا۔