سیدو میڈیکل کالج سوات میں جدید کمپیوٹر بیسڈ امتحانی ہال کا افتتاح

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے سیدو میڈیکل کالج سوات میں جدید کمپیوٹر بیسڈ امتحانی ہال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور جدید امتحانی نظام کا قیام اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر بیسڈ امتحانی ہال سے طلبہ کی قابلیت کو شفاف اور میرٹ پر جانچنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ میرٹ اور شفافیت پی ٹی آئی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیںاورصوبائی حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے میں میرٹ کی بالادستی اور نظام میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنا اور تمام فیصلوں کو اہلیت کی بنیاد پر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہی رویہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔

فضل حکیم خان نے مزید کہا کہ ایک منصفانہ نظام اور میرٹ پر مبنی کلچر ہماری پالیسیوں کا بنیادی ستون ہے، اور ہم اس راستے پر ثابت قدمی سے گامزن رہیں گے۔ تقریب سے ایم این اے سلیم الرحمن، مئیر تحصیل بابوزئی شاہد علی خان، چیف ایگزیکٹو سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق نے بھی خطاب کئے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر اور دیگر نے مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹروں اور فیکلٹی ممبران کو ان کی شاندار خدمات پر تعریفی اسناد بھی پیش کیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف تعلیمی معیار کو بلند کرنے کا باعث بنے گا بلکہ مستقبل کے معیاری میڈیکل پروفیشنلز کی تیاری میں بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔