وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ایسٹر کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایسٹر کے تہوار پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن خوشی، اُمید، ایثار اور نیکی کی فتح کا پیغام لے کر آتا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مسیحی برادری نے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے جو لائق تحسین ہے ،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان تمام اقلیتوں کے آئینی، سماجی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے ،ہم سب مل کر ہی پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان و پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہر فرد کو مساوات، احترام اور مذہبی آزادی حاصل ہو،انہوں نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کی عبادت گاہوں اور دیگر تقریبات کے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ریاست کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے مسیحی برادری کی ترقی، خوشحالی اور ملک و ملت کے استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔