د*الہجرہ ریزیڈنشل اسکول و کالج زیارت کے 21ویں یومِ تاسیس کی پروقار تقریب

ہفتہ 19 اپریل 2025 23:00

گ زیارت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء)الہجرہ ریزیڈنشل اسکول و کالج زیارت کے 21ویں یومِ تاسیس کی پروقار تقریب جناح کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں الہجرہ اسکولز ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برارد عبدالرحمن عثمانی، سردار قاسم خان سارنگزئی، ڈپٹی کمشنر زیارت ذکا اللہ درانی، اساتذہ، والدین، طلبا اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر خوراک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ 21واں یومِ تاسیس محض ایک عدد نہیں، بلکہ یہ مسلسل محنت، لگن، اور جدوجہد کی زندہ داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ صرف اینٹوں اور گارے سے بنی ایک عمارت نہیں بلکہ ایک ایسا خاندان ہے جہاں طلبا علم حاصل کرتے ہیں، اقدار اپناتے ہیں، اور زندگی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تیاری کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علم ایک طاقت ہے، اور تعلیم ہی وہ زیور ہے جو انسان کو دنیا میں ممتاز مقام عطا کرتا ہے۔ آپ ہی اس ملک و قوم کے مستقبل کے معمار ہیں، اس لیے اپنی تعلیم کو سنجیدگی، محنت اور دلجمعی سے جاری رکھیں، اور اپنے اساتذہ کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ والدین سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کا اعتماد اور تعاون اس ادارے کی کامیابی کی بنیاد ہے۔

ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ادارہ آپ کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا، اور آپ کے مشورے ہمیشہ ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے۔ اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ اساتذہ اس ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی شب و روز محنت کے بغیر یہ ترقی ممکن نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ علم کی شمع کو روشن رکھتے ہیں اور طلبا کے دلوں میں آگہی کی روشنی بھرتے ہیں، ان کی شفقت اور خلوص قابلِ تحسین ہے۔ اپنے اختتامی کلمات میں صوبائی وزیر خوراک نے الہجرہ ریزیڈنشل اسکول و کالج زیارت کو شاندار تعلیمی خدمات پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ ادارہ علم و آگہی کا گہوارہ بن کر ہمیشہ ترقی کی منازل طے کرتا رہے۔

متعلقہ عنوان :