۵حالیہ دنوں نادرا آفس کے قریب میر صادق عمرانی واٹر سپلائی کی چھ انچ پائپ لائن میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی

ہفتہ 19 اپریل 2025 23:00

[ نصیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء)ایگزیکٹو ا نجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نصیرآباد حفیظ الرحمن ہاشمی کی جانب سے عوام کو درپیش پانی کی قلت کے مسئلے کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حالیہ دنوں نادرا آفس کے قریب میر صادق عمرانی واٹر سپلائی کی چھ انچ پائپ لائن میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس کے باعث قریبی آبادی کو پانی کی فراہمی متاثر ہو گئی تھی۔

مسئلے کی اطلاع ملتے ہی ایگزیکٹو انجینئر حفیظ الرحمن ہاشمی خود موقع پر پہنچے اور رات گئے تک اپنی نگرانی میں مرمتی کام کو مکمل کروایا انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ کسی بھی صورت پانی کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو،جس کے بعد تکنیکی ٹیم نے مرمت کا کام تیز رفتاری سے مکمل کیا۔

(جاری ہے)

مرمت کے بعد اگلے روز صبح سویرے منی واٹر ٹینکرز، گدھا گاڑیوں اور دیگر ذرائع سے قریبی آبادیوں کو پانی کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔

اس موقع پر ایگزیکٹو انجینیئر حفیظ الرحمن ہاشمی نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف اور تسلسل سے پانی کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔ علاقے کے مکینوں نے فوری اقدامات اور ذاتی نگرانی پر ایگزیکٹو انجینیئر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :