Live Updates

ملکی مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں ‘ رانا جاوید عمر

وہ وقت دور نہیں جب پی ٹی آئی ایک بار پھر عمران خان کی قیادت میں اقتدار میں ہو گی

اتوار 20 اپریل 2025 11:10

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رانا جاوید عمر نے کہا ہے کہ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پی ٹی آئی ایک بار پھر پوری آب و تاب کے ساتھ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں اقتدار میں ہو گی اور ملک حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دہائیوں کے اتحاد نے پاکستان کو کہیں کا نہیں چھوڑا بلکہ پاکستان کے 90فیصد مسائل کی وجہ یہی اتحاد ہے ،جو حکومت میں ہیں وہی ملک اور عوام کے مسائل کا سبب ہیں اور اچنبھے کی بات ہے عوام کو یہ امید دلائی جارہی ہے کہ وہ ان کے مسائل حل کریں گے ،ملک اور عوام کی گھمبیر مشکلات کو اگر کوئی لیڈر حل کر سکتا ہے تو وہ صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں ۔

رانا جاوید عمر نے کہا کہ عوام کا موجودہ حکمرانوں سے سوال ہے ملک کی ابتر صورتحال اور بد حالی کے ذمہ دار کون ہیں اور جب آپ سے بار بار یہ سوال پوچھا جائے تو آپ پیکا ایکٹ کا سہارا لے لیتے ہیں ،آج ساری قو م آپ سے اپنی بد حالی کا سوال پوچھ رہی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ ملک کے مسائل حل نہیں ہو رہے بلکہ بڑھ رہے ہیں،ان کے حل کیلئے دور اندیشی کے ساتھ دلیرانہ فیصلے کرنا ہوں گے جو موجودہ حکمرانوں کی بس کی بات نہیں ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات