پیپلزپارٹی برطانیہ کے رہنما راجہ شبیر احمد کا وزیراعظم پاکستان کی جانب سے میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے اعلان کا خیرمقدم

اتوار 20 اپریل 2025 13:10

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے رہنما راجہ شبیر احمد نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور سابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے مل کر 2013 میں میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ بنانے کا عزم کیا تھا میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قیام کا مطالبہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جو ان شاء اللہ اب بہت جلد تعمیر ہو گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اپنی شہباز سپیڈ سے جلد از جلد اس اہم نوعیت کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے تاکہ بیرون ملک مقیم اوورسیز کشمیریوں کے مسائل میں کمی واقع ہو اور وہ اپنے آزادکشمیر میں آ جا سکیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ برٹش ہائی کمیشن ڈاکٹر محمد فیصل،برٹش ایم پیز محمد یاسین،لارڈ قربان حسین،ناز شاہ ودیگر شخصیات کی بھی میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قیام کے لئے کوششیں وکاوشیں لائق تحسین ہیں۔

میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی فزیبلٹی رپورٹ کا اعلان خوش آئند ہے میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر ایسی جگہ ہونی چاہیے جہاں سے پورے میرپور ڈویژن کو فائدہ ہو اور عوام کے مسائل میں کمی واقعی ہو۔انھوں نے کہا کہ ان شاء اللہ میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کام کا آغاز بہت جلد ہو گا اور آزاد جموں وکشمیر بھر کے باسیوں کی اس ائیرپورٹ کے قیام سے تقدیر بدل جائے گی۔