بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں فاشسٹ ہندوتوا حکومت اور فلسطین میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری ظلم و ستم پر خاموشی توڑیں ، ظلم کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں، مشعال حسین ملک

اتوار 20 اپریل 2025 13:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے دنیا بھر کے گرجا گھروں، مذہبی اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں فاشسٹ ہندوتوا حکومت اور فلسطین میں صہیونی حکومت کی جانب سے جاری ظلم و ستم پر خاموشی توڑیں اور اس ظلم کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں۔

اتوار کو راولپنڈی میں مسیحی برادری کے ساتھ ایسٹر کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی غیر جانبداری نہیں بلکہ ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ حقیقی امن محض جنگ کا نہ ہونا نہیں بلکہ انصاف کا قائم ہونا ہے۔ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات محبت، رحم، قربانی اور مظلوموں کے دفاع کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اصول انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسٹر ہمیں قربانی کی طاقت، غیر متزلزل ایمان اور انصاف کی امید کی یاد دلاتا ہے مگر جب دنیا اس مقدس دن کو منا رہی ہے ہمیں کشمیری اور فلسطینی عوام کی بے پناہ تکالیف کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل، میڈیا پر پابندیاں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر، کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک جو پرامن جدوجہد کی علامت ہیں، جعلی الزامات پر کئی سالوں سے انتہائی غیر انسانی حالات میں قیدِ تنہائی کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ اخلاقی اور روحانی یکجہتی کا مظاہرہ کریں کیونکہ ان کی جدوجہد محض سیاسی نہیں بلکہ انسانی بحران ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ ایسٹر کی اس پرامن شام پر مظلوموں اور محروموں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ آئیے ایک ایسے جہاں کے لیے جدوجہد کریں جہاں محبت، ہمدردی اور انصاف کا بول بالا ہو۔ ہمیں خاموشی توڑنی ہو گی اور مظلوموں کی آواز دنیا تک پہنچانی ہوگی۔