مظفرآباد، 5اکتوبر کے قیامت خیز زلزلے میں تباہ ہونے والے تعلیمی ادارے تاحال نامکمل

ضلع جہلم ویلی میں ابھی تک سرکاری محکموں کے دفاتر قائم نہ ہونا ناانصافی اور ظلم کے مترادف ہے ، شوکت جاوید میر

اتوار 20 اپریل 2025 15:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر نے لائن آف کنٹرول پانڈو سیکٹر نڑدجیاں ، گھڑتھامہ ، گوجر بانڈی ،گوہر آباد ، مکنیٹ سے لیپہ ویلی تک 5اکتوبر کے قیامت خیز زلزلے میں تباہ ہونے والے تعلیمی اداروں کی تاحال نامکمل عمارتوں ، صحت کے مراکز کی خستہ حالی ، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ ، بنیادی انفراسٹریکچر ، بجلی اور ٹیلی مواصلاتی ناکارہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق اپنے لیپہ دورہ کے دوران جلسہ عام میں کیے گئے اعلانات پر عملدرآمد نہیں کروا سکے، جو عوام کے ساتھ ایک بھیانک مذاق ہے ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر ، قومی سلامتی کے ادارے ، سیاسی و عسکری قیادت انسانی جانوں کے تحفظ ، وسیع تر قومی اور عوامی مفادات ، ناقابل تسخیر دفاع، سیاحت کے فروغ ، ہائیڈل منرل کے منصوبہ جات شروع کرنے کیلئے لیپہ ٹنل کے میگا پراجیکٹ کو 2014کی طرز پر وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کیلئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی اتحادی حکومت کے درمیان ثالثی کا اسلامی انسانی کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ، اُمیدوار اسمبلی حلقہ سات شوکت جاوید نے عوامی مسائل پر دونوں حکومتوں کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم ویلی میں ابھی تک سرکاری محکموں کے دفاتر قائم نہ ہونا ناانصافی اور ظلم کے مترادف ہے ، کام چلائو پالیسی کی نئی ٹرم نے پورے معاشرے کو ہیجانی کیفیت میں جکڑ رکھا ہے ، کل وقتی منصوبہ بندی کے بجائے جز وقتی پالیسیوں سے قومی وسائل کو بھی شیریں مادر کی طرح ہڑپ کیا جا رہا ہے اور قومی خزانے کی لوٹ مارسے جائیدادیں بنانے ، تجوریاں بھرنے اور اپنے بہی خواہوں کو نوازنے کے علاوہ حکومت کی کارکردگی کی داستانیں زبان زد عام و خاص ہیں،انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز ، گورنمنٹ بوائز ڈگری کالجز میں سالہا سال سے سٹاف کی کمی ، طلباء و طالبات کا مستقبل تاریک کرنے کی بھیانک سازش ہیں، بی ایس کلاسز کی اجرائیگی بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے، صحت کے مراکز میں ڈیلی ویجز کی طرز پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تعیناتی محکمہ صحت کے بلند و بانگ دعوئوں پر کلنک کا ٹیکہ ہیں، شوکت جاوید نے کہا کہ تحصیل دفاتر کی مکانیت کیلئے آمدہ بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں ، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو بلاتاخیر فنڈز فراہم کر کے بااختیار بنانا ناگزیر ہو چکا ہے ، ویلفیئر فنڈ اور صحت کارڈ جاری کرنے کے وعدوں اور اعلانات کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے ، ویلفیئر فنڈز کے 9 ارب روپے سے زائد پیسوں پر مالیاتی اداروں کے ساتھ اندرون خانہ ملی بھگت سے مالی مفادات حاصل کیے جا رہے ہیںاور عوام کو سرخ بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے ، اسی طرح صحت کارڈ کا حصول بھی عوام کیلئے آسمان سے تارے توڑنے کے مترادف ہے ، متوقع تعلیمی پیکیج میں سب سے پہلے نامکمل تعلیمی اداروں کی بلاتخصیص تکمیل اور سٹاف کی کمی ، تعلیمی اداروں کے ساتھ عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق جدید لیبارٹریز قائم کرنے کیلئے رقم مختص کر کے اس کی شفاف اخراجات لازم و ملزوم ہیں، آئندہ عام انتخابات میں قومی خزانے کو دن رات اپنے آپ کو امیر تر بنانے کی خواہش سے استعمال کرنے والے عوامی عدالت میں شکت فاش کھا کر تاریخ کے عبرتناک انجام سے دوچار ہوں گے، ایک تو حکمرانوں کی اکثریت نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ زنی کی قومی مفادات کو ناقابل تلافی زک پہنچایا ، تکبر اور رعونت کی انتہا کر دی گئی ہے ، پیپلزپارٹی کے وزراء نے ہمہ وقت خدمت خلق کی کوشش کی ، لیکن وزیراعظم نے سولو فلائیٹ کی پالیسیوں اُن کی تمام کارکردگی پر منوں مٹی ڈال دی ہے ، وزیراعظم چوہدری انوارالحق اس وقت بھی ساری سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور مقتدرحلقوں سے آنکھ مچولی کھیل رہے ہیں اور سب کو سلطانی پھکی دے کر مطمئن کر رکھا ہے لیکن بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی، انہوں نے حکومت اور پالیسی ساز اداروں کی اپیل کی کہ وہ ضلع جہلم ویلی اور حلقہ سات کے اجتماعی مسائل پر توجہ مرکوز کریں۔