خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کارروائیاں، پشاور اور ایبٹ آباد میں ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات برآمد

اتوار 20 اپریل 2025 15:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے خوراک میں ملاوٹ اور جعلی اشیا کی تیاری کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے پشاور اور ایبٹ آباد میں بڑی کارروائیوں کے دوران ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات، جوس اور دیگر ناقص اشیاء برآمد کر لی ہیں۔ ترجمان کے مطابق پشاور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک گاڑی سے 1500 لیٹر جعلی پیپسی، ڈیو اور گورمے برآمد کی جو مختلف علاقوں میں سپلائی کی جا رہی تھی۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام جعلی مشروبات قبضے میں لے کر فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی۔دوسری جانب، ایبٹ آباد میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف فیکٹریوں کا معائنہ کیا۔ ایک فیکٹری سے 4000 لیٹر مس لیبل جوس اور 500 لیٹر ناقص سرکہ برآمد کر کے ضبط کیا گیا۔

(جاری ہے)

فیکٹری مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاوٹ مافیا اور جعلی خوراک میں ملوث عناصر کے لیے صوبے میں کوئی گنجائش نہیں اور خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید نے بھی فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور کہاکہ عوام کو خالص، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہ جعلی اور مضر صحت خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔