وفاقی دارلحکومت میں آئی سی ٹی پولیس کے خصوصی ایسٹر سکیورٹی پلان کے تحت 1500 سے زیادہ اہلکار تعینات

اتوار 20 اپریل 2025 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے ایسٹر کے موقع پر ایک جامع سکیورٹی پلان جاری کیا جس میں مسیحی عبادت گزاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں 1500 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔آئی سی ٹی پولیس حکام نے کہا ہے کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) محمد جواد طارق ذاتی طور پر تمام سکیورٹی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ تمام فرائض کی موثر انجام دہی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حساس گرجا گھروں کے لیے سکیورٹی کے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں جہاں خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ پٹرولنگ دستے گرجا گھروں کے آس پاس کے علاقوں کی سرگرمی سے نگرانی کر رہے ہیں جبکہ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کی کوشش میں پولیس افسران اور رضاکاروں کو گرجا گھروں میں داخلے سے پہلے جسم کی تلاشی لینے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

نگران افسران چرچ انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہیں اور باہمی مشاورت کے ذریعے مربوط کوششوں کو یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے حساس مقامات کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور تیز ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایسٹر کے دوران ٹریفک کی روانی کو ہموار رکھنے کے لیے خصوصی دستے بھی تعینات کیے ہیں۔

ون ویلنگ اور غیر اخلاقی رویے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ٹریفک افسران کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ کے لیے تفریحی مقامات کے ارد گرد خصوصی پٹرولنگ یونٹس بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے اسلام آباد پولیس کے ایسٹر کی تقریبات کے دوران مسیحی برادری کے لیے مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔