اے سی آئی اے آر اور کامن ویلتھ سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن کے وفد کازرعی یونیورسٹی کا دورہ

اتوار 20 اپریل 2025 16:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) آسٹریلوی سنٹر فار انٹرنیشنل ایگریکلچرل ریسرچ (اے سی آئی اے آر) اور کامن ویلتھ سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن کے وفد نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور آسٹریلیا کے تعاون سے جاری منصوبہ برائے کلائیمیٹ ریزیلینٹ اور پاکستان میں واٹرایلوکیشن کا جائزہ لیا۔ وفد نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سب کیمپس کا بھی دورہ کیا۔

زرعی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر آصف کامران نے سماجی ، اقتصادی اور آبپاشی کے زرعی اجزا پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔اے سی آئی اے آر کے کنٹری منیجر ڈاکٹر منور رضا کاظمی نے چھوٹے کاشتکاروں کی زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے زرعی تحقیق میں معاونت کے لیے گزشتہ 40 سال سے زائد عرصے کے دوران 75 ملین آسٹریلوی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے 80 سے زائد منصوبوں کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

جس میں اے سی آئی اے آرکے تعاون سے زرعی یونیورسٹی میں سٹرس، دالوں اور چھوٹے کاشتکاروں کے متعلق منصوبہ جات پر بھی روشنی ڈالی۔ کامن ویلتھ سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن کے پرنسپل ریسرچ سائنٹسٹ ڈاکٹر مبین الدین احمد نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد بدلتی ہوئی آب و ہوا کے تحت مقامی شراکت داروں کے تحت نہری پانی کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ سینئر سائنسدان سوزن کڈی، ڈائریکٹر ریسرچ زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر عمران ارشد، پرنسپل ٹوبہ ٹیک سنگھ کیمپس ڈاکٹر ضیاء الرحمن، ڈاکٹر مارٹا مونجرڈینو، بریرہ فاطمہ، کاشف منظور، انجینئر خرم کمبوہ، انجینئر مشتاق گل، جاوید اقبال گورایا، ڈاکٹر عمیر گل،ڈاکٹر نوید فرح نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔