Live Updates

علی رضا پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک اننگز میں 4 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین باولر بن گئے

علی رضا نے ملتان سلطانز کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے محض 21 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پوویلین بھیجا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 20 اپریل 2025 16:52

علی رضا پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک اننگز میں 4 وکٹیں لینے والے کم عمر ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اپریل 2025ء ) پشاور زلمی کے فاسٹ باولر علی رضا پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک اننگز میں 4 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین باولر بن گئے ہیں۔
علی رضا نے گزشتہ روز ملتان سلطانز کیخلاف مقابلے میں حریف ٹیم کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے محض 21 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پوویلین بھیجا، انہوں نے یہ اعزاز محض 17 سال اور 132 دن کی عمر میں حاصل کیا۔

 
اس سے قبل یہ اعزاز شاہین آفریدی کے پاس تھا جنہوں نے پی ایس ایل 3 میں لاہور قلندرز کی جانب سے 17 سال اور 337 دن کی عمر میں ایک اننگز میں 4 شکار کیے تھے، نیپال کے لیگ سپنر سندیپ لامیچینے 18 سال 209 دن کی عمر یہ اعزاز حاصل کرکے اس فہرست میں تیسرے جب کہ نسیم شاہ 18 سال 348 دن کی عمر میں یہ اعزاز اپنے نام کرکے اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

 
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دی۔ 
 راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے نویں میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم 228 رنز کے تعاقب میں 16 ویں اوور میں 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سلطانز کی جانب سے عثمان خان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شائی ہوپ 20، کپتان محمد رضوان 15، ڈیوڈ ولی 13۔

کامران غلام 6، مائیکل بریسویل 3، افتخار احمد 2، اسامہ میر 1 اور ایشٹن ٹرنر 0 اور عاکف جاوید 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عبید شاہ 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ زلمی کی جانب سے علی رضا نے 4، عارف یعقوب نے 3، مچل اوون نے 2 اور صائم ایوب نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے زلمی کے بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز اسکور کیے۔

ٹام کوہلر-کیڈمورنے 52 اور محمد حارث نے 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ حسین طلعت 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عبدالصمد 40 اور مچل اوون 34 رنز کی دھواں دار باری نے زلمی کا مجموعی اسکور 227 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ الزاری جوزف 5 اور لیوک ووڈ 0کے اسکور پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ولی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے 2، 2 جبکہ افتخار احمد نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات