فضل حکیم یوسفزئی کاسوا ت پریس کلب کے دورہ

گریویٹی سکیم ایک بڑا عوامی منصوبہ ہے ،بہت جلد اس کو مکمل کرکے شہریوں کو صاف و صحت افزا پانی کی فراہمی شروع کی جائیگی،گفتگو

اتوار 20 اپریل 2025 18:10

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)صوبائی وزیر لائیو سٹاک،فشریز اور کواپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ گریویٹی سکیم ایک بڑا عوامی منصوبہ ہے اور بہت جلد اس منصوبے کو مکمل کرکے شہریوں کو صاف اور صحت افزا پانی کی فراہمی شروع کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے سوا ت پریس کلب کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ضلعی ترقیاتی مشاورتی کونسل (ڈیڈک)کے چیئرمین اختر خان ایڈووکیٹ اور پارٹی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے سے جاری گریویٹی سکیم پر جاری کام سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ضرور ہے لیکن بہت جلد اس کے ثمرات عوام کو ملیں گے اور لاکھوں شہریوں کو صاف پانی 24/7دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مینگورہ خوڑ(ندی)کی صفائی کیلئے بھی جامع منصوبہ بندی بنائی جارہی ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے، انہوں نے کہا کہ واسا اور ٹی ایم اے سمیت دیگر اداروں کو ہدایت کی جائے گی تاکہ خوڑکو فور ی طور پر صاف کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوات کے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور سوات پریس کلب کو درپیش مسائل اور اس کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت عملی اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کریں اور مثبت تنقیدکے ساتھ کریں تاکہ حکومت اور انتظامیہ بروقت اقدامات کرکے اس کا حل نکال سکے۔

متعلقہ عنوان :