حکومت نے نے اسرائیل کیخلاف جہاد کا اعلان کیا تو جمعیت اہلحدیث کے ہزار وں کارکنان شانہ بشانہ ہونگے‘ ہشام الٰہی ظہیر

فلسطینی اپنی مدد آپ کے تحت آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ،پاکستان سعودی عرب مل کر ان کے حقوق ان کی امداد کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں

اتوار 20 اپریل 2025 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہاہے کہ جہاد کا اعلان کرنا حکومت اور ریاستوں کا کام ہوتا ہے اگر حکومت پاکستان نے اسرائیلی بربریت کے خلاف جہاد کا اعلان کیا تو ان شا اللہ تعالی جمعیت اہلحدیث کے ہزار وں کارکن ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے،اسلام آباد فلسطین کانفرنس میں علما ء نے جہاد کا فتوی دیا تو کچھ لبرل سیکولر مافیا کی اسلامی شعائر اللہ کے خلاف چیخیں بلند ہونا شروع ہوگئی جبکہ جہاد کا فتوی ساڑھے چودہ سو سال قبل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیدیا تھا۔

ان کا کہنا تھا فلسطینی اپنی مدد آپ کے تحت اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں پاکستان سعودی عرب مل کر فلسطین کاز پر ان کے حقوق ان کی امداد کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اہل غزہ اہل فلسطین کاز پر امت مسلمہ مذمتوں کی بجائے عملی بیداری کاثبوت دے۔آج امت مسلمہ زوال، باہمی افتراق وانتشار،اختلاف اور کمزوری کا شکار ہے جس کی وجہ سے سرائیل نے غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کردی۔

مسلم حکمران متحد ہوکر مظلوم فلسطینیوں کاتحفظ کرنے اوراسرئیلی جارحیت کا جواب دینے میں ناکام ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علمائے کرام کے اجلاس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ اہل غزہ پر اسرائیلی بربریت ،منظم نسل کشی،دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔قابض اسرائیلی فورسز کی مسلسل 560 دنوں سے جاری وحشیانہ جارحیت کی انسانیت کی تاریخ میں ظلم و بربریت کی ایسی بھیانک مثالیں کم ہی ملتی ہیں۔ہمیں اسرائیلی مصنوعات کا مکمل طور پر معاشی بائیکاٹ کرنا چاہیے ۔بیت المقدس مسجد اقصی کا تحفظ ہمیں قبلہ اول سمجھتے ہوئے کرنا چاہیے ۔